Tuesday 14 November 2023

 پیپلزپارٹی کیخلاف ماضی میں بھی اتحاد بنائے گئے‘ ایسے اتحادوں کی کوئی پرواہ نہیں، آصف زرداری



’کچھ لوگ اقتدار کے لیئے اتحادی بناتے ہیں مگر ہمارے لیئے عوام ہی کافی ہے‘ شریک چیئرمین پی پی کا تھرپارکر کے عوام سے اظہار تشکر اور کامیاب جلسہ کے انعقاد پر خراج تحسین

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 نومبر 2023ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف ماضی میں بھی اتحاد بنائے گئے لیکن ہمیں ایسے اتحادوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ اپنے ایک بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری نے تھرپارکر کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے تھر میں کامیاب جلسہ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شاندار استقبال کرکے تھر کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، تھر کے عوام اپنی بہن محترمہ بے نظیر بھٹو کو نہیں بھولے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف ماضی میں بھی اتحاد بنائے گئے، ہمیں ایسے اتحادوں کی کوئی پرواہ نہیں کیوں کہ کچھ لوگ اقتدار کے لیے اتحادی بناتے ہیں مگر ہمارے لیے عوام ہی کافی ہے، ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ عوام کے قدموں میں سیاسی جنت ہے جو ہمارے لیے مشعل راہ ہے، اسی کی بنیاد پر عام انتخابات میں پیپلزپارٹی ساحل سمندر سے لے کر خیبر پختونخوا تک کامیابی حاصل کرے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے گزشتہ روز تھر میں جلسہ عام کا انعقاد کیا جہاں خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو کمرے میں بیٹھ کر الیکشن نتائج بنوا رہے ہیں انہیں عوام جواب دیں گے، عوام نے 5 سال سلیکٹڈ راج بھگتا اب کسی سلیکٹڈ راج کو قبول نہیں کریں گے، 8 فروری کو عوام کافی جماعتوں کو سرپرائز دیں گے، ابھی الیکشن شیڈول جاری نہیں کیا گیا مگر جس جوش وجذبے کے ساتھ عوام موجود ہیں، ابھی تو انتخابی مہم بھی شروع نہیں کی لیکن مٹھی کے عوام نے فیصلہ سنا دیا، 8 فروری کو الیکشن کا دن ہوگا، اس دن تھرپارکر کے بھائی بہنیں اسی جوش وجذبے کے ساتھ نکلیں گے تو پیپلزپارٹی اور تیر کی جیت ہوگی۔


0 comments:

Post a Comment