Monday 6 November 2023

"ایم ٹیگ" کے بنا موٹروے پر گاڑیوں کا داخلہ بند کرنے کا فیصلہ

ایم ٹیگ نہ لگوانے والی گاڑیوں کے موٹروے پر داخلے کی پابندی کے اطلاق کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا گیا



لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 نومبر 2023ء ) "ایم ٹیگ" کے بنا موٹروے پر گاڑیوں کا داخلہ بند کرنے کا فیصلہ، ایم ٹیگ نہ لگوانے والی گاڑیوں کے موٹروے پر داخلے کی پابندی کے اطلاق کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق این ایچ اے نے قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت کے نظام کو مزید بہتر کرنے کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکام نے موٹر ویز پر سفر کرنے والے تمام شہریوں کو خبر دار کیا ہے کہ نئے سال سے موٹر وے قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے والے گاڑی مالکان کا داخلہ ممکن نہیں ہوسکے گا۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ موٹر ویز پر ایم ٹیگ لازمی قرار دے دیا گیا ہے، جس پر تمام گاڑی مالکان کو اس کی پابندی کرنا لازمی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موٹروے پر بغیر ایم ٹیگ کے سفر کرنے والی گاڑیاں31 دسمبر تک ایم ٹیگ لگوا لیں بصورت دیگر موٹر وے پر نہ صرف داخلہ ممنوع ہوگا بلکہ ان پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔


نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکام کے مطابق یکم جنوری2024سے موٹرویز پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کا سختی سے داخلہ ممنوع ہوگا۔


حکام کے مطابق اسلام آباد ٹو پشاور موٹروے ایم ون، لاہور ٹو عبدالحکیم موٹر وے ایم تھری، پنڈی بھٹیاں ٹو ملتان موٹروے ایم فور، ملتان ٹوسکھر موٹر وے ایم فائیو شامل ہیں اس کے علاوہ ہکلہ ٹو ڈیرہ اسماعیل خان ایم چودہ، حسن ابدال ٹو مانسہرہ ایکسپریس وے ای35 بھی شامل ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پہلے ایم ٹیگ لگوانے کے لیے شناختی کارڈ کافی تھا مگر اب اس کے ساتھ گاڑی کا رجسٹریشن اسمارٹ کارڈ ہونا بھی لازمی ہے ورنہ ٹیگ نہیں لگے گا۔ ون نیٹ ورک ایپ کی مدد سے آپ اپنا ایم ٹیگ ری چارج بھی کرسکیں گے۔

0 comments:

Post a Comment