Sunday 12 November 2023

بہتر ہوگا صدر کسی ایک جماعت کے ترجمان نہ بنیں‘ خط کا جواب خط سے دیں گے، نگران وزیراطلاعات

بہتر ہوگا صدر کسی ایک جماعت کے ترجمان نہ بنیں‘ خط کا جواب خط سے دیں گے، نگران وزیراطلاعات



صدر مملکت پورے ملک کے صدر ہیں، وہ کسی ایک جماعت کے صدر نہیں، ان سے گزارش کریں گے کہ اپنے آئینی عہدے کی عزت کا خیال رکھیں۔ مرتضیٰ سولنگی کی میڈیا سے گفتگو

لاہور ( ۔ 12 نومبر 2023ء ) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے گی، بہتر ہوگا صدر کسی ایک جماعت کے ترجمان نہ بنیں، خط کا جواب خط سے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر مملکت پورے ملک کے صدر ہیں، وہ کسی جماعت کے صدر نہیں، ان سے گزارش کریں گے کہ اپنے آئینی عہدے کی عزت کا خیال رکھیں، بہتر ہو گا کہ صدر مملکت کسی ایک جماعت کے ترجمان نہ بنیں، کسی ایک جماعت کا ترجمان بننے سے صدر کی عزت میں کمی آتی ہے اور ہم چاہتے ہیں وہ نہ آئے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے دیئے گئے نظام الاوقات پر عمل کر رہا ہے، الیکشن کمیشن کی موجودہ قیادت انتہائی ذمہ دار اور قابل لوگوں پر مشتمل ہے، نگران حکومت عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے گی، عام انتخابات کے ذریعے اقتدار عوام کے منتخب نمائندوں کو منتقل ہوگا، شکایات اور تحفظات جمہوریت کا حصہ ہیں، شکایت کرنا ہر ایک کا حق ہے، شکایات کو سامنے بھی آنا چاہیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع سے بجلی حاصل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے، مستقبل کی حکومتوں کے لیے ضروری ہے اس پالیسی کو جاری رکھیں، زیادہ سے زیادہ توجہ توانائی کے متبادل ذرائع پر دیں، سابق حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ سولر سے بجلی پیدا کریں گے، مہنگی بجلی کی پیداوار سے عوام پر بوجھ پڑتا ہے، توانائی کے شعبے میں چین نے بہت مدد کی ہے۔


0 comments:

Post a Comment