Wednesday 8 November 2023

جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ڈومیسٹک لاؤنج میں کھانے سے کیڑا نکل آیا

 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ڈومیسٹک لاؤنج میں کھانے سے کیڑا نکل آیا


 ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کھانے میں سے کیڑا نکلنے کی خبر کانوٹس لے لیا،تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ مکمل ہونے پرقصور وار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی

 اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔08 نومبر2023ء) جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ڈومیسٹک لاؤنج میں کھانے سے کیڑا نکل آیا۔اس حوالے سے سامنے آنے والی فوٹیج میں کھانے پر رینگتے کیڑے کو بھی دیکھا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نےجناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میجسٹک لائونج میں دیئے گئے کھانے میں سے کیڑا نکلنے کی خبر کانوٹس لے لیا۔

منگل کو ترجمان سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی سی اے اے کے حکم پر ایئرپورٹ منیجر کو تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، ایئرپورٹ منیجر اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی کے ذریعے چھان بین کرائیں گے۔ترجمان کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی میں سول ایوی ایشن کا افسر، سول ایوی ایشن کاڈاکٹر اور بارڈر ہیلتھ سروسز کا اہلکار بھی شامل ہوگا۔   

تحقیقاتی کمیٹی 48 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔کمیٹی کی رپورٹ مکمل ہونے پرقصور وار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پربلی کے گھسنے اور چوہا پکڑنے کے معاملے پر ائیرپورٹ انتظامیہ کی کھنچائی ہوگئی۔ڈی جی سول ایوی ایشن نے ائیرپورٹ میں بلی کے چوہا پکڑنے سے متعلق خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ائیرپورٹ انتظامیہ سے سخت باز پرس کی ۔

ڈی جی سول ایوی ایشن کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلی کنویر بیلٹ سے ڈیپارچرلانج پر پہنچی تھی جس نے چوہے کا شکار کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی سول ایوی ایشن نے ائیرپورٹ پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا۔ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ غفلت اورلاپرواہی برتنے پر عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کا بتاناتھا کہ ائیرپورٹ پر صفائی ستھرائی کا انتظام آٹ سورس کمپنی کو دیا گیاتھا۔

0 comments:

Post a Comment