Monday 6 November 2023

ن لیگ کو تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنی چاہئیے



پی ٹی آئی کے پاس لیول پلینگ فیلڈ ہے،عمران خان پر کیسز کی نہیں بلکہ دوسرے کاموں کی فائل لے کر آیا ہوں۔بشیر میمن


اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 نومبر 2023ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما بشیر میمن کی ماڈل ٹاون سکرٹریٹ آمد ہوئی۔بشیر میمن نے اس موقع پر کہا کہ قائد نوازشریف سے اہم ملاقات کےلئے لاہور آیا ہوں۔ پی ٹی آئی کے پاس لیول پلینگ فیلڈ ہے ۔مسلم لیگ ن نے مجھے کوئی عہدہ نہیں دیا، ن لیگ کو تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنی چاہئیے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پر کیسز کی نہیں بلکہ دوسرے کاموں کی فائل لے کر آیا ہوں۔

دوسری جانب سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ملک کے حالات تب ہی سدھریں گے جب ووٹ کی طاقت سے مدت پوری کرے گی۔اگر اب نفرت کی سیاست ہو گی تو ملک کا نقصان ہوگا۔انہوں نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ملک یا گھر نفرت کی بنیاد پر قائم نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ایک فرد اگر پاگلوں کی طرح کہے کسی کو نہیں چھوڑوں گا تو ایسے گھر یا ملک نہیں چلتے۔

ملک میں دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ کو 2017 تک ہم نے ختم کیا۔سابق وزیر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں شہباز شریف نے عمران خان سے میثاق معیشت کی بات کی۔بلاول بھٹو نے بھی کہا کہ آپ قدم بڑھائیں مگر اس شخص نے جھوٹے مقدمے اور نفرت کے علاوہ کچھ کام نہیں کیا۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر جناب شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو پارٹی کے الیکشن سیل کا چئیرمن مقرر کر دیا ہے۔
پارٹی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ سینیٹر اسحاق ڈار کو الیکشن سیل کا سربراہ بنانے سے مسلم لیگ (ن) کی انتخابات سے متعلق سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی، پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواستوں کی وصولی، انتخابی ضابطوں کی نگرانی سمیت تمام متعلقہ امور کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ سینیٹر اسحاق ڈار پارلیمنٹ سے منظور شدہ الیکشن ایکٹ 2017 کو تیار کرنے والی پارلیمانی کمیٹی کے بھی سربراہ تھے۔

0 comments:

Post a Comment