Wednesday 8 November 2023

نادرا نے گھر بیٹھے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بنوانے کی سہولت دے دی

 نادرا نے گھر بیٹھے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بنوانے کی سہولت دے دی

  



ملک یا بیرون ممالک مقیم پاکستانی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں


اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 نومبر 2023ء ) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ’نادرا‘ نے گھر بیٹھے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بنوانے کی سہولت متعارف کروادی۔ تفصیلات کے مطابق نادرا کی جانب سے شہریوں کے لیے ایک اور شاندار سہولت کا آغاز کرتے ہوئے اب فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا اجراء بھی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شروع کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ قومی شناختی کارڈ ’این آئی سی‘ بنوانا ہو یا بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے شناختی کارڈ ’نائکوپ‘ بنوانے کے لیے بھی پاک آئی ڈی موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور گھر بیٹھے جب چاہیں اپنی شناختی دستاویزات حاصل کریں۔  

بتایا جارہا ہے کہ نادرا کا دفتر اب پاکستانی شہریوں کے موبائل فون پر آ گیا ہے کیوں کہ نادرا کی طرف سے پیش کی جانے والی جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شہری اب نا صرف شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات بنوانے کی درخواستوں کے لئے تمام تر کارروائی موبائل فون پر ہی مکمل کر سکتے ہیں بلکہ شناختی کارڈ یا دستاویزات اپنے گھر پر منگوا بھی سکتے ہیں کیوں کہ رواں برس مارچ میں جاری کی گئی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کی بدولت اب پاکستانی شہریوں کو شناختی کارڈاور فیملی رجسٹریشن کارڈ بنوانے کے لئے نادرا دفاتر جانے اور لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔

نادرا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں دستاویزات کی شناخت کا نظام اور بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت بھی شامل ہے جن کی بدولت آپ شناختی دستاویزات بنوانے کی کارروائی میں پیش آنے والے تمام مراحل اپنے موبائل فون کے ذریعے ہی مکمل کر سکتے ہیں، مثلاً ضروری دستاویزات اپ لوڈ کر سکتے ہیں، تصویر اور فنگرپرنٹس بنا سکتے ہیں اور ڈیجیٹل دستخط بھی آن لائن درخواست میں شامل کر سکتے ہیں۔


0 comments: