Saturday 11 November 2023

قومی ٹیم آفیشلی ورلڈ کپ 2023ء سے باہر ہوگئی

 قومی ٹیم آفیشلی ورلڈ کپ 2023ء سے باہر ہوگئی



انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 338 رن کا ہدف دیا، پاکستان کو اگر سیمی فائنل میں پہنچنا تھا تو یہ ہدف 6.2 اوور میں پورا کرنا تھا

کولکتہ (تازہ ترین اخبار ۔ 11 نومبر 2023ء ) قومی ٹیم آفیشلی ورلڈ کپ 2023ء سے باہر ہوگئی ہے۔ ورلڈکپ کے 44 ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 338 رن کا ہدف دیا ہے، پاکستان کو اگر سیمی فائنل میں پہنچنا تھا تو یہ ہدف 6.2 اوور میں پورا کرنا تھا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کے اوپنرز نے ٹیم کو 82 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، تاہم ڈیوڈ ملان 31 اور جونی بیرسٹو 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تیسری وکٹ کی شراکت میں بین سٹوکس اور جو روٹ نے 132 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

بین اسٹوکس نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 84 رنز جبکہ مڈل آرڈر بیٹر جو روٹ 60 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ہیری بروک نے 30 اور جوز بٹلر نے27 رن بنائے، معین علی 8 رن بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے3، محمد وسیم نے3، شاہین آفریدی نے 2 اور افتخار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رن بنائے۔

قبل ازیں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ لیگ کے آخری میچ میں کامیابی سمیٹ کر ٹورنامنٹ کا اختتام جیت کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے تاکہ نیٹ ریٹ بہتر کرکے تاریخ رقم کرسکیں لیکن کوشش کریں گے میچ میں کامیابی سمیٹیں۔


بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے کہ حسن علی کی جگہ شاداب خان کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان کا اسکواڈ کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، آغا سلمان، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونئیر، حارث رؤف پر مشتمل ہے جب کہ انگلینڈ کے سکواڈ میں کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولی، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس اور عادل رشید شامل ہیں۔

0 comments:

Post a Comment